کویت اردو نیوز 12 مئی: امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب جہاز کا پائلٹ طبیعت ناساز ہونے کے باعث نیم بیہوشی کی حالت میں تھا تو
جہاز اڑانے کے تجربے سے ناواقف مسافر نے جہاز بحفاظت فلوریڈا ائیرپورٹ پر اتار دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک نامعلوم مسافر اپنی حاملہ بیوی کو دیکھنے ایک نجی طیارے ’سیسنا 208 کاروان‘ کے ذریعے بہاماس سے فلوریڈا جارہا تھا۔ اسی دوران جہاز کے پائلٹ کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد مسافر نے اپنے حواس پر قابو پاتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرولر کو سارے معاملے کی اطلاع دی تاہم مسافر نے اڑان بھرنے کا کوئی تجربہ نہ ہونے کے باوجود ایئر ٹریفک کنٹرولر کی مدد سے سیسنا لائٹ طیارے کو بحفاظت لینڈ کرلیا۔ ایئرٹریفک کنٹرول نے میڈیا کو بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ
ایروناٹیکل تجربے سے ناواقف شخص نے سیسنا طیارے کو باحفاظت لینڈ کیا ہو۔ سول ایوی ایشن کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ چھوٹے ٹربو پراپ ہوائی جہازوں جیسے کہ سیسنا 208 کاروان کا صرف ایک پائلٹ کے ساتھ پرواز کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے خاص طور پر جب
نجی پرواز ہو۔ اس واقعے پر دیگر پائلٹس بھی دنگ رہ گئے کیونکہ دوسری آڈیو ریکارڈنگ میں ایک اور ایئر ٹریفک کنٹرولز کو فضا میں موجود دیگر طیاروں کو صورتحال کے بارے میں بتاتے ہوئے سنا گیا۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر رابرٹ مورگن نے مسافر کو طیارے کو اتارنے کے لیے ہدایات دینا شروع کیں اور دونوں کی مشترکہ کوشش سے طیارے کو بحفاظت فلوریڈا کے پام بیچ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتارلیا گیا۔ دونوں کے درمیان
ہونے والی گفتگو کی آڈیو کے متن کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نے مسافر کو کہا کہ وہ ونگز لیول کو ایک سطح پر رکھنے کی کوشش کرے۔
درحقیقت اس طرح طیارے کی پرواز کو جاری رکھنے اور اتارنے کے لیے کم از کم 20 گھنٹے کی تربیت درکار ہوتی ہے مگر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے اس لینڈنگ کو 10 میں سے 10 نمبر دیئے۔ دوسری جانب فیڈرل ایوی ایشن ایجنسی نے پائلٹ کے بے ہوش ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔