کویت اردو نیوز 08 جولائی: سعودی عرب کی وزارت صحت کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے انکشاف کیا ہے کہ 25,000 سے زائد ہیلتھ ہیروز نے مقدس مقامات پر عازمین حج کو صحت کی خدمات فراہم کرنے میں حصہ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ہیلتھ ورکر 13 اسپتالوں میں تعینات ہیں جہاں 4,654 داخل مریضوں کے بستر، 1,080 انتہائی نگہداشت کے بستر اور 238 ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے لیے ہیٹ اسٹریس بیڈ مختص کیے گئے۔ ترجمان نے کہا کہ جمرات پل میں 16 ایمرجنسی مراکز ہیں اور مقدس مقامات پر 147 مراکز صحت تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ وزارت صحت اپنی خدمات پبلک ہیلتھ اتھارٹی، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی اور سعودی ریڈ کریسنٹ اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرتی ہے۔ گزشتہ جمعرات شام منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران
ڈاکٹر العبدالی نے انکشاف کیا کہ صحت کی سہولیات پرآنے والوں کی تعداد 53010 تک پہنچ گئی اور 1736 ورچوئل ہیلتھ سروسز فراہم کی گئیں علاوہ ازیں اسی کانفرنس کے دوران سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشہوب نےزور دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو بھی حجاج کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور حجاج کو بغیر پرمٹ لے جانے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس پر 50,000 ریال جرمانہ اور 6 ماہ قید اور بغیر اجازت حج پر 10,000 ریال جرمانہ کیا جائے گا۔