کویت اردو نیوز 16 جولائی: امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی جانب سے، ولی عہد شہزادہ شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ان کے ہمراہ سرکاری وفد جدہ سربراہی اجلاس برائے سلامتی اور ترقی میں شرکت کے لیے برادر مملکت سعودی عرب پہنچے۔ یہ اجلاس خلیج تعاون کونسل کے ممالک،
ریاستہائے متحدہ امریکہ، ہاشمی کنگڈم آف اردن، عرب جمہوریہ مصر اور جمہوریہ عراق کے مابین سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہو گا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ ایئرپورٹ پر ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح کا استقبال کیا۔ ولی عہد کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو قومی اسمبلی کے سپیکر مرزوق الغانم، شیخ ناصر المحمد اور دیوان کے سربراہ ولی عہد شیخ احمد العبداللہ، وزیراعظم شیخ صباح الخالد، پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ احمد النواف اور نائب وزیر اعظم اور وزیر تیل وزیر مملکت برائے کابینہ امور ڈاکٹر محمد الفارس، امیری دیوان امور کے قائم مقام وزیر ڈاکٹر عادل الطبطبائی اور اعلیٰ ریاستی حکام نے ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔
ولی عہد کویت ایک سرکاری وفد کے ہمراہ ہیں جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ طلال الخالد، وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد الناصر، وزیر خزانہ اور وزیر مملکت برائے اقتصادی امور اور سرمایہ کاری عبدالوہاب الرشید اور اعلٰی حکام شامل ہیں۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد نے جدہ سربراہی اجلاس برائے سلامتی اور ترقی میں شریک ممالک کے رہنماؤں اور وفود کے سربراہان کا بھی استقبال کیا۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید، نائب وزیراعظم برائے بین الاقوامی تعلقات اور تعاون امور اور سلطان عمان کے نمائندہ خصوصی، بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم بن الحسین اور مملکت قطر کے امیر شیخ تمیمی بن حمد کی جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آمد پر استقبال کیا۔