کویت اردو نیوز 16جولائی:سعودی عرب اور امریکہ نے جمعہ کو 5G نیٹ ورکس، سائبر سیکیورٹی، خلائی تحقیق اور صحت عامہ کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ یہ معاہدے امریکی صدر جو بائیڈن کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر کیے گئے۔
جہاں انہوں نے سعودی عرب کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی تاکہ مملکت کی دفاعی ضروریات اور عالمی توانائی کی سلامتی کی اہمیت کا جائزہ لیا جا سکے۔ملاقاتوں کے بعد ایک بیان میں، بائیڈن نے سعودی عرب کی جانب سے NASA کی زیر قیادت آرٹیمس ایکارڈز، جو کہ ایک بیرونی خلائی تحقیق ہے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، انہوں نے مملکت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریاستہائے متحدہ "ذمہ دارانہ، پرامن، اور پائیدار تلاش اور بیرونی خلا کے استعمال کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ "
امریکی صدر نے یمن میں اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی کوششوں کی حمایت میں مملکت کے کردار کی بھی تعریف کی۔ سعودی عرب کا دورہ امریکی صدر کے طور پر بائیڈن کے مشرق وسطیٰ کے پہلے دورے کی آخری منزل ہے۔
یہ سفارتی دورہ، جو بدھ کو شروع ہوا اور ہفتے کو ختم ہونے کی توقع ہے، اسرائیل اور مغربی کنارے کا بھی احاطہ کرے گا۔ بائیڈن ہفتے کے روز خلیج تعاون کونسل کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ مصر کے صدر ، عراق کے وزیر اعظم اور اردن کے بادشاہ کے ساتھ مشترکہ سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔