کویت اردو نیوز 29اگست: طلبا و طالبات کی اچھی صحت اور ان کی بہتر نشونما کیلئے سعودی محکمہ تعلیم نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں سافٹ ڈرنکس پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
اس حوالے سے سعودی وزارت تعلیم کی ترجمان ابتسام الشھری نے کہا ہے کہ اسکولوں میں سافٹ ڈرنکس پر پابندی عائد ہے، تمام اسکولوں میں کینٹین انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ طلبہ کو سافٹ ڈرنکس فراہم نہ کریں۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت کی ترجمان الشھری نے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے حوالے سے سعودی ٹی وی الاخباریہ کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کے تمام ریجنز میں نیا تعلیمی سال اتوار سے شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ
تمام اسکولوں کی نگرانی کے لیے مخصوص اہلکاروں کو ذمہ داریاں تفویض کی جاچکی ہیں۔
اسکول کینٹین میں فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ کینٹین انتظامیہ کو مطلع کیا جاچکا ہے کہ صحت مند خوراک کا اہتمام کیا جائے، کسی قسم کی خلاف ورزی کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کینٹین کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رہے گا تاکہ اس امرکو یقینی بنایا جاسکے کہ سافٹ ڈرنک طلبہ کو فروخت نہ کی جائیں۔
علاوہ ازیں کینٹین میں فراہم کی جانے والی خوراک کے معیارکی بھی کڑی نگرانی کی جائے گی, ہمارے پیش نظرطلبہ کوبہترین ماحول فراہم کرنا ہے۔