کویت اردو نیوز 25 ستمبر: سعودی عرب اپنے 11 شہروں میں بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں پر 40 ارب ریال (10.6 ارب ڈالر) کی سرمایہ کاری کرے گا۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی نے بلدیات ، دیہی امور اور مکانات کی وزارت کے حوالے سے اتوار کو شہری ڈھانچے پر خطیررقم صرف کرنے کی اطلاع دی ہے۔
اس سے قبل ستمبر میں سعودی عرب کی وزارت خزانہ نے مقامی بینکوں کے ساتھ 25 ارب ریال (6.65 ارب ڈالر) کی مالیات کے معاہدوں پر دست خط کیے تھے تاکہ 2023 اور 2024 میں شروع ہونے والے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے رقوم مہیا کی جاسکیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پیش کردہ ویژن 2030 کے تحت سعودی عرب میں دوررس نتائج کی حامل وسیع تراصلاحات کی جارہی ہیں۔ اس ویژن پرمملکت کی تزویراتی پوزیشن کو مضبوط بنانے اور اس کو عرب دنیا اور خطے کے ایک مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لیے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ سعودی ولی عہد نے تیل کی آمدن پرانحصارکم کرنے کے لیے
قومی معیشت کو متنوع بنانے کے منصوبے کے تحت 2017ء میں جدید شہر نیوم بسانے کا اعلان کیا تھا۔ پانچ سو ارب ڈالر کی لاگت سے آباد کیا جانے والا مستقبل کا یہ شہرکاربن سے پاک ہوگا اور اس میں لوگوں کی نقل وحرکت زیادہ تر پیدل ہوگی جبکہ نقل وحمل میں کاروں اور گاڑیوں کا عمل دخل نہیں ہوگا۔