کویت اردو نیوز 14 دسمبر: سعودی حکام کی جانب سے کچرے یا کوڑا کرکٹ کو صحیح طریقے سے ٹھکانے نہ لگانے پر جرمانے مقرر کر دئیے گئے ہیں جس کے تحت گاڑی کی کھڑکی یا عمارت سے کچرا پھینکنے پر 200 سے لے کر ایک ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔
سعودی عرب میں ویسٹ مینجمنٹ ریگولیشن کی خلاف ورزی پر ہزاروں ریال کے جرمانے متوقع ہیں۔ قومی مرکز کا کہنا ہے کہ کوڑا دان سے کچرا نکالنے اور کچرے میں سے دیگر چیزیں نکال کر
انہیں کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرنے (ری سائیکلنگ) اور ان کی درجہ بندی کرنے پر کم از کم 1 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
سعودی عرب میں ویسٹ مینجمنٹ کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ری سائیکلنگ کے لیے کچرے سے چیزیں نکالنا اور ان کی درجہ بندی کرنا قابل سزا جرم ہے۔
جو تعمیراتی سامان کا ملبہ یا اصلاح و مرمت کے دوران نکلنے والا سامان کسی اور کے پلاٹ یا پبلک مقامات پر پھینکے گا اسے 50 ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا، اس کے علاوہ اگر تعمیر یا انہدام کی وجہ سے جمع ہونے والے کچرے کو صاف نہیں کیا گیا تو اس پر 20 ہزار ریال تک کا جرمانہ عائد ہوگا۔
مرکز کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر کسی شخص نے چلتے ہوئے، گاڑی کی کھڑکی یا عمارت سے کچرا پھینکا تو اس کو 200 سے لے کر ایک ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ ویسٹ مینجمنٹ ریگولیشن کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کا چارٹ رائے عامہ کے جائزے کے بعد جاری کیا جائے گا۔