کویت اردو نیوز 15فروری: متحدہ عرب امارات میں شوہر نے اپنی اہلیہ کو موبائل فون پر ایس ایم ایس بھیجا جو اسے بہت مہنگا پڑ گیا اور عدالت نے اس پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے علاقے راس الخیمہ میں شوہر نے گزشتہ دنوں اپنی بیوی کو ایک ایس ایم ایس کیا تھا جس کو پڑھتے ہی اس کی بیوی نے راس الخیمہ کی پرائمری کورٹ سے رجوع کرلیا اور عدالت نے اس کے شوہر پر ہزاروں درہم جرمانہ عائد کردیا۔
خاتون نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اس کے شوہر نے اسے نامناسب الفاظ سے مخاطب کیا اور توہین آمیز جملے پر مشتمل ایس ایم ایس بھیجا اسے انصاف دلایا جائے۔ جس پر عدالت نے خاتون کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے شوہر پر 3 ہزار درہم جرمانے کا فیصلہ سنایا جس کی توثیق اپیل کورٹ نے بھی کردی۔
تاہم شوہر کے رویے پر غصہ خاتون نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ سول کورٹ میں شوہر کے خلاف ہرجانے کا ایک اور مقدمہ دائر کر دیا جس میں اس نے موقف اختیار کیا کہ اس کے شوہر نے بدکلامی سے اسے مالی اور ذہنی نقصان پہنچایا لہذا عدالت اسے 10 ہزار درہم دلا کر اس کی تلافی کرے۔ ساتھ ہی مدعیہ نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ ادائیگی کی تاریخ سے 9 فیصد منافع اور عدالتی اخراجات کے ساتھ وکیل کی فیس بھی دلائی جائے۔
شوہر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اس نے جو کچھ کہا اس کی ذمہ دار اس کی اہلیہ ہے۔ اس کی اشتعال انگیزی پرایس ایم ایس بھیجا تاہم اسے اس کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
تاہم سول کورٹ نے شوہر کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے خاتون کے حق میں فیصلہ دے دیا اور شوہر کو حکم دیا کہ وہ اپنی اہلیہ کو مالی اور ذہنی نقصان پہنچانے پر 5 ہزار درہم، ادائیگی کی تاریخ سے 6 فیصد منافع، عدالتی فیس اور اخراجات ادا کرے۔