کویت اردو نیوز 19 فروری: ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کو 13 دن گزر جانے کے باوجود انسانی المیے اب بھی سامنے آ رہے ہیں۔
اسی دوران عجیب اور حیران کن واقعات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسی طرح کا ایک اور حیران کر دینے والے واقعہ سامنے آگیا ہے ۔ یہ کسی انسان نہیں بلکہ ایک بلی کی کہانی ہے۔
سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کرتی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بلی کیسے ایک ترک امدادی کارکن کے ساتھ چمٹی ہوئی اور اس سے والہانہ لگاؤ کا اظہار کر رہی ہے۔ ریسکیو ورکر نے اس بلی کو ملبے کے نیچے سے نکالا تھا۔ بلی وفا داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورکر کے ساتھ چمٹ گئی اور پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا۔
تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی ورکر کے کندھے پر بیٹھی ہے، بلی نے اسے چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ بلی کے رویے سے ظاہر ہو رہا ہے جیسے وہ اپنے محسن کا شکریہ ادا کر رہی ہو۔
بلی اس دوران کارکن کے چہرے کو سونگھ رہی تھی اور اسے چھوڑنے سے انکار کر رہی تھی۔ یہاں تک کہ بلی کے اس لگاؤ کو دیکھ کر اسے گود لینے کا فیصلہ کرلیا۔