کویت اردو نیوز 28مارچ: پیر کے روز مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والی بس الٹنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق حادثہ شام 4 بجے کے قریب صوبہ عسیر میں 14 کلومیٹر طویل عقبات شار روڈ پر پیش آیا، جب بس خمیس مشیط سے ابہا جا رہی تھی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ سڑک پہاڑوں سے کٹتی ہے اور اس میں 11 سرنگیں اور 32 پل ہیں۔
جب بس ایک پل کے نیچے سے جا رہی تھی تو اس کی بریک فیل ہو گئی جس کی وجہ سے یہ پل کے آخر میں ایک بیریئر سے ٹکرا کر الٹ گئی اور آگ لگ گئی۔ اطلاعات کے مطابق، اس حادثے میں تقریباً 29 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
ایمبولینس سمیت ہنگامی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں جہاں بس گر کر تباہ کن حالت میں موجود تھی۔ ریڈ کریسنٹ کی ٹیم سمیت ہنگامی خدمات نے زخمی مسافروں کو قریبی اسپتالوں میں پہنچایا۔