کویت اردو نیوز، 12اپریل: بحرین کی شوریٰ کونسل اور پارلیمنٹ کی مالیاتی اور اقتصادی امور کی کمیٹی کے قانون سازوں نے رواں ماہ کے آخر میں عید الفطر کی تعطیلات کے بعد 2023-2024 کے ریاستی بجٹ پر بحث کے لیے ایک اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شوریٰ کونسل کی مالیاتی اور اقتصادی امور کمیٹی کے چیئرمین خالد المسکاتی نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ قومی بجٹ کی ابتدائی رپورٹ دو ہفتوں میں تیار ہو جائے گی۔
نئے بجٹ کا مقصد خسارے کو 2021-22 میں 2.3 بلین بحرینی دینار سے 2023-24 میں 569.7 ملین بحرینی دینار تک کم کرنا ہے۔ کل آمدنی 6.57بلین بحرینی دینار تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جسے 2023 میں 3.1 بلین بحرینی دینار اور 2024 میں 3.47 بلین بحرینی دینار میں تقسیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نئے بجٹ کے ذریعے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے، پنشنرز کے لیے مزید فوائد حاصل کرنے اور سرکاری خدمات کو ترقی دینے کے لیے کوشاں ہیں۔
لیکن اس بجٹ کو حکومت کے مالی توازن پروگرام اور ریکوری پلانز کے ساتھ ملانے کی ضرورت ہے۔ شوریٰ اور پارلیمنٹ کی دونوں کمیٹیوں کے اس وقت تک اوپن اجلاس ہوں گے جب تک اتفاق رائے نہیں ہو جاتا اور بجٹ دونوں ایوانوں سے منظور نہیں ہو جاتا۔ "یہ امید کی جارہی ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے جبکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے بجٹ ناگزیر ہے۔
شوریٰ کونسل کی قانون سازی اور قانونی امور کمیٹی نے گزشتہ روز علیحدہ اجلاس کے بعد بجٹ میں کوئی آئینی خلاف ورزی نہیں پائی۔