کویت اردو نیوز، 17 اپریل: اسلام آباد ایئرپورٹ رن وے پر قطر ایئرویز کیو آر 614 طیارے کے ٹیل کی رن وے سے ٹکرانے کی وجہ سامنے آگئی جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی اپنا آفیشل بیان جاری کردیا۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے تیز ہواؤں کے باعث پہلی لینڈنگ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا اور "گو اراؤنڈ” کو ترجیح دیتے ہوئے ٹاور کو آگاہ کیا۔
ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ دوسری بار طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا تاہم معائنے پر طیارے کی دم پر خراشیں دیکھی گئیں۔
ایس او پیز کے تحت پائلٹ کے خون اور پیشاب کے نمونے حاصل کیے گئے جبکہ ایئر بس کمپنی کو قطر ایئرویز کیو آر 614 ٹیل اسٹرائیک واقعے سے بھی آگاہ کردیا گیا۔
ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ ایئر کرافٹ انجینئرز کے معائنے کے بعد طیارہ (AOG) یعنی ‘ایئر کرافٹ ان گراؤنڈ’ قرار دیا گیا جبکہ سی اے اے شعبہ ایئر وردینس اور ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن بورڈ ممبرز نے بھی طیارے کا معائنہ کیا۔