کویت اردو نیوز، 23اپریل: ابوظہبی میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عید الفطر کے موقع پر حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کھانے پینے کی اشیاء غیر مجاز سیلرز سے نہ خریدیں۔
ابوظہبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی (Adafsa) نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر مجاز فوڈ سیلرز سے کھانے کی اشیاء نہ خریدیں۔
عید الفطر سے قبل، اتھارٹی نے ابوظہبی، العین اور الظفرہ کے مختلف علاقوں میں کھانے پینے کے اداروں، خاص طور پر کنفیکشنری کی دکانوں، بیکریوں، چاکلیٹ اور مٹھائیوں کے کارخانوں اور مشہور کچنز کیخلاف ایک بڑے پیمانے پر انسپکشن مہم چلائی تھی۔
ادافسا نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ان جگہوں پر فروخت ہونے والی اور بنائی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء استعمال کے لیے محفوظ ہوں، کیونکہ ان دکانوں پر عام طور پر عید کے موقع پر صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔ مزید فیلڈ انسپکشنز فوڈ ہیلتھ اور فوڈ سیفٹی کے معیارات پر اداروں کی تعمیل کو یقینی بنانے کیلئے مستقبل قریب میں بھی جاری رہیں گے۔
ان وزٹس کے دوران، انسپکٹرز کسی بھی غلط طریقوں پر نظر رکھتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ تیاری، بنانے، سٹور کرنے، ڈسپلے اور ٹرانسپورٹیشن کے عمل کے دوران، بہترین طریقہ کار موجود ہے۔
مقامی اتھارٹی نے عوام پر زور دیا کہ وہ کھانے پینے کی مصنوعات یا کھانا پکانے کے غلط طریقوں کے بارے میں کسی بھی مشاہدے کی اطلاع ابوظہبی گورنمنٹ کال سینٹر کو 800555 پر فوری طور پر رابطہ کرکے دیں۔