کویت اردو نیوز، 28 اپریل: سعودی عرب نے خواتین کے لیے بغیر محرم حج پرمٹ کے اجرا کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہریوں کے لیے بغیرمحرم حج پرمٹ جاری کرانے کے لیے ضروری ہے کہ وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے محکمہ احوال مدنیہ (سول افیئرز ڈپارٹمنٹ) سے رجوع کیا جائے، پھر آن لائن درخواست سیکشن کا انتخاب کرنے کے بعد حاجی کے (مرافق) کا تعین کریں اور ہمراہ کے رشتے کی نشاندہی کریں جب کہ مملکت میں مقیم غیرملکی اس مقصد کے لیے محکمہ پاسپورٹ (جوازات) سے رجوع کریں گے۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عازمین حج کے لیے ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ حج سیزن شروع ہونے سے 10 دن پہلے ہے، حج کے مناسک کو ادا کرنے کے لیے حفاظتی ٹیکے لگوانا شرط ہے، حج پرمٹ جاری کرنے کے لیے تمام ویکسینز کو مکمل کرنا لازمی ہے
وزارت نے کہا ہے کہ سال 1444 ہجری کے لیے حج پرمٹ کا اجرا 15 شوال سے شروع ہوگا جو کہ 5 مئی کا دن ہوگا جب کہ وزارت نے گھریلو عازمین کے لیے اپنی حج بکنگ کی تیسری اور آخری قسط کی ادائیگی کے لیے شوال کی 10 تاریخ کو آخری دن مقرر کیا ہے، اس حج سیزن کے دوران منظور شدہ پیکجز کے لیے مخصوص کردہ فیس سے حتمی قسط 40 فیصد ہے۔
وزارت نے نسک ایپ اور اس کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے 3 اپریل کو حج 1444 ہجری کی ادائیگی کے لیے رجسٹریشن اوپن کر دی تھی، وہ عازمین جنہوں نے پہلے کبھی مناسک حج ادا نہیں کیے تھے، وہ 25 جون کی مناسبت سے 7 ذی الحجہ تک اس سال کا حج ادا کرنے کے لیے درخواست دے سکیں گے