کویت اردو نیوز، 6جون: دبئی میں زندہ دل افراد کیلئے ہوائی جہاز میں پارٹی کرنے کیلئے فائیو گلوبل ہولڈنگز نامی ہوٹل اینڈ ریزورٹس کمپنی نے ہوائی جہاز پر پارٹی کرنے کی سروس متعارف کرا دی ہے۔
ہوٹل نے اپنے طیارے نائن ہوٹل فائیو پر فی گھنٹہ تقریبا 40 لاکھ روپے پاکستانی کے عوض پارٹی کرنے کی سروس متعارف کرائی ہے،جس کیلئے ہوٹل نے بکنگ کا آغاز بھی کردیا ہے۔
اس سروس کے تحت طیارے میں بیک وقت 12 افراد سوار ہوکرطیارے کو محض ۱۲گھنٹے تک مسلسل سفر کے لیے حاصل کر سکتے ہیں۔
طیارے میں پارٹی کے شوقین افراد کو 14 ہزار امریکی ڈالرز فی گھنٹہ فیس ادا کرنا ہو گی اور وہ دبئی سے جہاں کہیں بھی جانا چاہیں انہیں طیارہ لے کر جائے گا لیکن اس کے عوض انہیں فی گھنٹہ کے حساب سے ادائیگی کرنا ہو گی۔
اس سہولت سے امیر افراد طیارے کو دبئی سے لندن تک لے جا سکیں گے جس کے لیے انہیں مجموعی طور پر ایک لاکھ 95 ہزار امریکی ڈالرز یعنی پاکستانی ساڑھے پانچ کروڑ روپے ادا کرنا ہوں گے ۔
پارٹی والے جہاز میں دو بہت بڑے سائز کی ٹی وی اسکرینیں لگائی گئی ہیں جب کہ سوئمنگ پول نما باتھ ٹب بھی موجود ہے۔ طیارے میں لگژری بیڈ اور صوفے لگائے گئے ہیں، جدید طرز کی ایل ای ڈی جگمگ لائٹس بھی لگائی گئی ہیں۔