کویت اردو نیوز،20جون: سوشل میڈیا پر 10 ہزار روپے کے پاکستانی کرنسی نوٹ کی تصویر گردش کر رہی ہے جس کے حوالے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان 10 ہزار روپے مالیت کا نیا کرنسی نوٹ جاری کرنے والا ہے۔
اس حوالے سے جب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک 10 ہزار روپے مالیت کا کوئی نیا کرنسی نوٹ جاری نہیں کررہا، بلکہ سٹیٹ بنک نے دس ہزار کے نوٹ شائع کرنے کی خبر کی تردید بھی کردی۔
دوسری جانب سٹیٹ بینک نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر ایک پوسٹ کے ذریعے بھی اس خبر کو شیئر کیا ہے۔
اگر اس نوٹ کو غور سے دیکھیں تو کئی ایسی چیزیں نظر آئیں گی جن سے معلوم ہوتا ہے کہ نئے نوٹ کی یہ تصویر جعلی ہے۔
مثال کے طور پر اس نوٹ پر گورنر اسٹیٹ بینک کا نام یاسین انور درج ہے جو 19 اکتوبر 2011 سے 31 جنوری 2014 تک اسٹیٹ بینک کے گورنر رہ چکے ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک کے موجودہ گورنر جمیل احمد ہیں۔
یہ بات ذہن نشین رہے کہ کسی بھی نئے نوٹ پر موجودہ گورنر اسٹیٹ بینک کا نام درج ہوتا ہے نہ کہ سابق گورنر کا۔
سٹیٹ بنک کیمطابق عوام ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں اور اس طرح کی خبروں کی تصدیق کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو وزٹ کریں۔