کویت اردو نیوز، 22جون: پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ پاک جاپان بزنس کونسل جاپان میں 10 ہزار پاکستانیوں کے لئے ملازمت کی گنجائش پیدا کرے گی جس کیلئے ابتدائی طور پر 100 نوکریوں کی ڈیمانڈ پاکستان روانہ کردی ہے۔
رانا عابد حسین نے جاپان کیلئے افرادی قوت بھجوانے والے پاکستانی ادارے العمل کارپوریشن کے سربراہ عابد منہاس اور پاک جاپان بزنس کونسل یورپ کی ڈائریکٹر انوشہ منہاس عابد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو زیادہ اور معیاری افرادی قوت جاپان بھجوانے کے لیے زیادہ سے زیادہ پاکستانی کمپنیوں کو اوورسیز ایمپلائمنٹ اور سینڈنگ آرگنائزیشن میں رجسٹرڈ کرنا چاہیے ورنہ 18 اداروں سے جاپان جیسے ملک کو افرادی قوت بھجوانے کی ڈیمانڈ پوری نہیں ہوسکے گی۔
رانا عابد حسین نے جاپان میں پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سے بھی درخواست کی کہ وہ حکومت پاکستان کو اس مسئلے کی نزاکت سے آگاہ کریں۔
اس موقع پر العمل کارپوریشن کے سربراہ عابد منہاس نے کہا کہ پاکستان میں بہتر افرادی قوت موجود ہے جو جاپان میں کام کرکے اپنا الگ مقام بنانے کی اہلیت رکھتی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی نوجوان جاپان زبان سیکھ کر جاپان جائیں تاکہ انہیں یہاں سیٹ ہونے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر پاک جاپان بزنس کونسل یورپ کی ڈائریکٹر انوشہ منہاس نے کہا کہ ہمیں ابتدائی طور پر کچھ مشکلات کا سامنا ہے جن پر قابو پاکر جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت جاپان بھجوائی جاسکے گی