کویت اردو نیوز،23جون:متحدہ عرب امارات کی الامارات ایئرلائن نے رواں ویک اینڈ کے بعد حج سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی اعلان کیا کہ وہ مکہ مکرمہ اور جدہ کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔ ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا کہ اس دوران مدینہ منورہ کے لیے روزانہ پروازیں چلائی جائیں گی۔
فضائی کمپنی نے جدہ کے لیے دوطرفہ10پروازوں کا اضافہ کیا ہے اوراس روٹ پر 7 جولائی تک بوئنگ 777 کی پروازیں چلائی جائیں گی۔جدہ کے لیے حج پروازیں الامارات ایئرلائن کے سعودی عرب کے لیے موجودہ شیڈول کے متوازی چلیں گی۔
اضافی پروازیں ان مسافروں کے لیے ہیں جن کے پاس کارآمد حج ویزا ہے۔ان کی عمر 12 سال سے زیادہ ہو اور مسافروں نے کووڈ-19 سے بچاؤ کی ویکسین لگوا رکھی ہو۔ الامارات نے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، سینی گال، آئیوری کوسٹ، ماریشس اور جنوبی افریقا سے سعودی عرب کے لیے حج پروازیں چلا رہی ہے۔
دبئی سے آنے والے عازمینِ حج کے لیے ہوائی اڈے پر ایک ٹیم چیک ان کا انتظام کرے گی اور رسمی کارروائیوں میں مدد کرے گی۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ دبئی سے گزرنے والے مسافروں کو بھی ان کی آمد کے گیٹ سے روانگی کے گیٹ تک لے جایا جائے گا اور حج ٹیم کی جانب سے آمد کی تمام رسمی کارروائی مکمل کی جائے گی۔
الامارات کا کہنا ہے کہ اس کی حج مسافروں والی فلائیٹ میں وضو کی سہولت، بغیر خوشبو تولیے اور اضافی کمبل فراہم کیے جائیں گے اور طیارے کے المیقات زون میں داخل ہونے کے اعلانات کیے جائیں گے تاکہ عازمین حج احرام باندھ سکیں۔
مسافر 5 لیٹر تک آب زم زم چیک اِن کرسکیں گے، جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اسے کارگو ہولڈ میں خصوصی خانوں میں رکھا جائے گا۔ عید الاضحیٰ کی 6 روزہ تعطیلات کے دوران طلب کو پورا کرنے کے لیے مشرقِ وسطی کے مقبول مقامات پر 34 پروازوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
الامارات کا کہنا ہے کہ اس نے 21 سے 30 جون تک عمان کے لیے 10 پروازیں اور 20 سے 29 جون تک بیروت کے لیے مزید 10 پروازوں کا اضافہ کیا ہے۔ جی سی سی کے ممالک میں فضائی کمپنی21 سے 25 جون تک الدمام کے لیے پانچ پروازیں اور 22 جون سے 2 جولائی تک کویت کے لیے9 اضافی پروازیں چلائی جائے گی۔
ایئرلائن عیدالاضحیٰ کے جشن کے مطابق کھانے کے آپشنز بھی پیش کرے گی