کویت اردو نیوز،24جون: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان کے لئے انسانی سمگلنگ میں ملوث گینگ لیڈر کو پکڑ لیا۔
سعید المعروف سنیارا نامی گینگ لیڈر کو ایف آئی اے نے گجرات سے پکڑا ہے جس نے سینکڑوں پاکستانیوں کو غیرقانونی طور پر یونان اور دوسرے ممالک بھیجنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
گرفتاری ایف آئی اے گجرات سرکل نے چار ماہ قبل اٹلی جاتے ہوئے لیبیا کے ساحل پر کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر تحقیقات کے بعد کی ہے۔ یہ پاکستانی ان 67 افراد میں شامل تھے، جو 26 فروری کو بن غازی کے قریب لیبیا کے سمندر میں اس وقت ڈوب گئے جب تارکین وطن کی ایک کشتی اٹلی کی طرف جارہی تھی۔ ابتدائی رپورٹس میں پاکستانی ہلاکتوں کی تعداد تین بتائی گئی تھی لیکن بعد میں مزید لاشیں نکالی گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ “ایف آئی اے نے مذکورہ واقعے میں ملوث مقامی اور غیر ملکی پاکستانی انسانی سمگلروں اور سمگلروں پر مشتمل ایک گروہ کا پردہ فاش کیا۔ وہ لیبیا اور اٹلی میں رہنے والے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں،”۔
انسانی سمگلرز کے گینگ کیخلاف 15 کیسز درج ہیں۔ سعید المعروف سنیارا کے دو بیٹے حمزہ سنیارا اور بلال سنیارا ہیں جو کہ لیبیا میں رہتے ہیں اور وہ پاکستان سے انسانی سمگلنگ کرتے ہیں۔
آفاق نامی انسانی سمگلر بھی سنیارے کا ساتھی ہے جو کہ اٹلی میں مقیم ہے۔ پاکستان نے اٹلی اور لبیا کے متعلقہ حکام سے انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز کی حوالگی مانگ لی۔