کویت اردو نیوز : (پاکستان) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حج کمپنی کی آڑ میں لوگوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم طیب شاہ عرف ناصر حسین انسانی سمگلنگ میں بھی ملوث تھا، جس سے درجنوں پاسپورٹ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق حج فراڈ کے ملزم ناصر حسین کو ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کیا گیا۔ انسانی سمگلنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
متاثرین کے مطابق ملزم نے قصور میں کراچی کی ٹریول ایجنسی کے نام سے دفتر کھول رکھا تھا جہاں سے وہ ویزے دینے کا بہانہ کرتا تھا۔
یاد رہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت آئندہ سال کے لیے حج درخواستوں کی وصولی کا عمل نامزد بینکوں میں جاری ہے۔ حج درخواستوں کی وصولی آئندہ ماہ کی بارہ تاریخ تک جاری رہے گی۔
حج درخواستیں 16 دسمبر 2024 تک درست پاسپورٹ کے ساتھ جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ پاسپورٹ کے لیے درخواست ٹوکن کے ساتھ حج درخواستیں بھی جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
سرکاری سکیم کے تحت ننانوے ہزار چھ سو پانچ پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ اگر مقررہ تعداد سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تو قرعہ اندازی کی جائے گی۔
پہلی بار خواتین کو مرد محرم کی پابندی کے بغیر حج پر جانے کا موقع دیا گیا ہے۔