کویت اردو نیوز،20جولائی: وزیر اعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ بن زاید آل نہیان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے یو اے ای کی طرف سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں ایک ارب ڈالر ڈیپازٹ کرانے پر صدر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں پاکستان کی بروقت مدد کی، جس سے آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کو طے کرنے میں بڑی مدد ملی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت متحدہ عرب امارات کی اس خیر سگالی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کہ کس طرح آپ نے ذاتی دلچسپی لے کر پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد کی ہے۔
صدر متحدہ عرب امارات شیخ بن زاید آل نہیان نے کہاکہ یو اے ای اور پاکستان کے درمیان گہرے قریبی دوستانہ، برادرانہ تعلقات استوار ہیں، برادر ملک پاکستان کی مدد کرنا ہمارے ملک کی ذمہ داری تھی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی لائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو بتایا کہ ہماری حکومت نے بامعنی اصلاحات کی ہیں، سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کی تشکیل کا محور ‘ہول آف دی گورنمنٹ’ اپروچ ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے کہاکہ سرمایہ کاری روڈ میپ کے بارے میں سن کر خوشی ہوئی، پر اعتماد ہوں کہ پاکستان معاشی طور پر قابل ذکر ترقی کرے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی شیخ بن زاید النہیان کو رواں سال سب سے زیادہ تعداد میں یو اے ای سے عازمین کی حج کے لیے روانگی پر مبارک باد پیش کی۔
وزیر اعظم نے یو اے ای کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔