کویت اردو نیوز 20 اپریل:سعودیہ عرب میں عید کی تعطیلات کا آغاز جمعرات سے ہو جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم کے پر عید الفطر پر تعلیمی ادارے 21 اپریل سے 7 مئی تک بند رہیں گے۔ اس سے قبل عید کی تعطیلات کا آغاز25 اپریل سے کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم سعودی فرمانروا نے اس اعلان میں ترمیم کرکے تازہ حکم نامے کے تحت تعطیلات کا آغاز 21 اپریل بروز جمعرات سے کرنے کا کہا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ کئی برسوں عید کی تعطیلات کا آغاز 21 رمضان سے ہوجاتا ہے تاکہ آخری عشرے کی طاق راتوں میں عبادت کی سعادت حاصل کی جا سکے۔
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے پرائیوٹ سیکٹر اور بغیر منافع والے سیکٹر کے ملازمین کے لیے عید الفطر کی تعطیلات کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر میں عید الفطر کی تعطیلات 29 رمضان سنیچر 30 اپریل 2022 کی ڈیوٹی مکمل کرنے پر شروع ہوں گی، تعطیلات 4 دن کی ہوں گی۔ تمام آجروں کو قانون محنت کے لائحہ عمل کی دفعہ 24 کی شق دو کے مطابق اس کی پابندی کرنا ہوگی۔
قانون محنت کے لائحہ عمل کی دفعہ 24 کی دوسری شق میں کہا گیا ہے کہ اگر تہوار یا کسی قومی پروگرام کی چھٹیاں ہفتہ وارچھٹی کے ساتھ ٹکرا رہی ہوں تو ایسی صورت میں ملازم کو عید کی چھٹیاں شروع ہونے سے قبل یا آخر میں اس کے بدلے چھٹی دینا ہوگی۔