کویت اردو نیوز،28اگست: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے قتل کے مقدمات میں مطلوب دو اشتہاریوں کو پنجاب پولیس بحرین سے گرفتار کر کے وطن واپس لے آئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں برس بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 111 ہو گئی ہے،
گرفتار ہونے والے اشتہاریوں میں ذوالفقار علی سیالکوٹ پولیس اور نور محمد فیصل آباد پولیس کو مطلوب تھا۔
پنجاب پولیس نے ملزمان کی وطن واپسی کیلئے انٹرپول سے دونوں کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے، اور ان کو قواعد و ضوابط مکمل کر کے بحرین سے وطن واپس لاکر مزید کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری کے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو موثر فالو اپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے ذریعے گرفتار کیا جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایف آئی اے ، انٹر پول و دیگر اداروں کے تعاون سے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، اور سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے افسران آپریشنز کی خود نگرانی کرکے ان کی گرفتاری کے حوالے سے رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں