سویڈن: ( کویت نیوز اردو) سویڈن پولیس نے ملک کے وسطی علاقے میں مسجد میں گزشتہ روز ہونیوالی آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے کہ آیا یہ آگ کوئی حادثہ ہے یا پھر تخریب کاری کا واقعہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ، پولیس گواہوں سے پوچھ گچھ کرے گی اور اس بات کی تصدیق کرے گی کہ اس علاقے میں سیکیورٹی کیمرے بھی موجود ہیں یا نہیں؟
پولیس ذرائع کے مطابق آگ پیر کے روز دوپہر کے وقت ایسکلسٹونا قصبے میں لگی ، جس میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق ابھی تک کسی پر شبہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
مسجد کے ترجمان انس کا کہنا ہے کہ مسجد تقریباً مکمل طور پر شہید ہو چکی ہے ، مسجد کو گزشتہ برس بھی پر تشدد کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا ، میرے اہل خانہ کو بھی شدید نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
ایسکلسٹونا قصبے میں 15 ہزار سے 20 ہزار مسلمان رہتے ہیں ، یاد رہے کہ مسجد میں آتشزدگی کا واقعہ ایسے وقت پر رونما ہوا ہے جب حالیہ چند ماہ میں سویڈن میں قرآن پاک کی عوامی سطح پر بے حرمتی کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں ۔