کویت اردو نیوز ، 27ستمبر ، 2023 : کھانسی کے شربت کی وجہ سے متعدد ممالک میں ہونوالی اموات کے پیش نظر امریکہ کے خوراک و ادویات کے ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کمپنیوں کو اپنی مصنوعات میں لا پرواہی پر انتباہ جاری کر دیا ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ایف ڈی اے نے ادویات کی در آمد پر جاری کردہ انتباہ کے بعد اپنی رپورٹ میں بتایا کہ رواں سال 28 کمپنیوں کو انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمپنیوں نے زہریلے اجزا ، ایتھیلین گلائکول اور ڈائنتھیلین گلائکول کی مناسب ٹیسٹنگ درست طرح سے نہیں کی ۔
جن کمپنیوں کو انتباہ جاری کیا گیا ہے ان میں سوئٹزر لینڈ ، کینیڈا ، امریکا، بھارت ، جنوبی کوریا ، اور مصر سے مصنوعات برآمد کرنے والی کمپنیاں شامل ہیں۔
انتباہ میں دی جانے والی وارننگ میں کہا گیا ہے کہ اگر ان کمپنیوں نے اپنے ٹیسٹنگ کے طریقے بہتر نہیں کیے، تو ان کمپنیوں کی تمام مصنوعات کی برآمد اور در آمد بند کر دی جائے گی ۔
انڈونیشیا اور بھارت میں تیار کیے جانیوالے کھانسی کے شربت سے دنیا بھر میں 3 سو سے زائد بچوں کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ ان ادویات میں ای جی ، ڈی ای جی کی بہت زیادہ مقدار شامل تھی ، جو گردوں میں شدید زخم اور موت کا سبب بنی ۔