کویت اردو نیوز ، 30 ستمبر 2023 : قطر ورلڈ کپ کے خصوصی اینکر غانم محمد المفتاح نے کرسی کے بجائے اپنے ہاتھوں سے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔
قطر ورلڈ کپ میں بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والے غانم محمد المفتاح نے عمرہ ادا کر لیا ہے۔
قطری شہری غانم محمد المفتاح، جو دھڑ کے نچلے حصے سے محروم ہیں کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالورز ہیں اور انہیں ہیرو کے طور پر جانا جاتا ہے۔
گزشتہ سال قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے موقع پر 18 سالہ غانم المفتاح نے افتتاحی تقریب میں امریکی فنکار مورگن فری مین کے ساتھ ایک مثالی مکالمہ پیش کیا۔
غانم المفتاح نے کرسی پر بیٹھ کر خانہ کعبہ کا طواف کرنے کے بجائے اپنے ہاتھوں سے عمرہ ادا کیا۔ انہوں نے قرآن پاک کی آیت کی تلاوت بھی کی جس کا ترجمہ یہ ہے کہ "اللہ کسی پر اس کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا”۔
غانم المفتاح نے کہا کہ اگر میری ٹانگیں نہیں تو کیا ہوا ، میرے رب نے مجھے مضبوط ہاتھ عطا کیے ہیں جو میری ٹانگوں کا متبادل ہیں اور میں ان پر طواف بیت اللہ کروں گا۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے انہیں عمرہ کی ادائیگی کے دوران ہر ممکن سہولیات فراہم کیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی مدد کی تاکہ وہ اپنے ہاتھوں کی مدد سے آرام سے بیت اللہ کا طواف کرسکیں۔
واضح رہے کہ غانم محمد المفتاح جس بیماری میں مبتلا ہیں وہ دنیا میں بہت کم ہے۔ 25000 میں سے ایک شخص اس بیماری سے متاثر ہو سکتا ہے، جس میں نوزائیدہ کا نچلا دھڑ نہیں بن پاتا۔