کویت اردو نیوز : دنیا کی سب سے اونچی عمارت برج خلیفہ کے ساتھ ساتھ دبئی کے پاس سیاحوں کو لطف اندوز کرنے کے لیے اور بھی بہت کچھ ہے۔ مستقبل قریب میں دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ بھی دبئی میں ہی بنے گا۔
المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈہ 2010 سے کام کر رہا ہے لیکن فی الحال مزید توسیع سے گزر رہا ہے۔
دبئی ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق جب المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل ہو جائے گا تو ہر سال 16 ملین سے زا ئد مسافر وہاں پہنچیں گے۔
یہ ہوائی اڈہ دبئی سے 20 میل جنوب مغرب میں واقع ہے اور مستقبل میں یہ دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ بھی ہو گا۔
2023 میں، دبئی ایئر شو المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد ہوا، جس کے دوران حکام نے توسیعی منصوبے کا اشارہ دیا۔
دبئی ایئرپورٹس کے سی ای او پال گریفتھس کیمطابق، "ہم اپنے صارفین کی ضروریات کے مطابق توسیع اور سرمایہ کاری کا جواز پیش کریں گے اور یہ کام مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔”
دبئی ایئر شو کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نئے بڑے ایئرپورٹ کا ڈیزائن تیار ہے، تقریب کے دوران اس کا تھری ڈی ماڈل بھی دکھایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ صلاحیت کو بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا،انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ہوائی اڈہ کب مکمل ہو گا لیکن نومبر 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ 2030 کی دہائی میں کسی وقت ہو گا۔
ہوائی اڈہ ایک اور بڑے تعمیراتی منصوبے، دبئی ساؤتھ کا مرکز ہوگا ، دبئی ساؤتھ دراصل ایک نیا شہر ہوگا جو دبئی کے جنوب میں 145 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔