کویت اردو نیوز ، 11 اکتوبر 2023: کیلیفورنیا میں ایک میلے کے دوران ایک ٹن سے زیادہ وزنی دیوہیکل کدو نے دنیا کے سب سے بڑے پھل کا ریکارڈ توڑ دیا، جس سے اس کے کاشتکار کو 30,000 ڈالر کا انعام ملا ہے ۔
مقابلے کے منتظمین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، سان فرانسسکو کے قریب ہاف مون بے پمپکن فیسٹیول میں پیر کو 1,247 کلو گرام وزنی پھل نے شرکاء میں زبردست جوش و جذبہ پیدا کیا۔
نصف صدی سے منعقد ہونے والے اس مقابلے میں شمالی امریکہ بھر سے کدو کے بڑے پھلوں کے کاشتکاروں کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
شمالی امریکہ کی ریاست مینیسوٹا سے تعلق رکھنے والے ٹریوس جنجر کے لگائے ہوئے دیوہیکل کدو نے اپنے قریب ترین حریف کو 110 کلو گرام سے زیادہ پیچھے چھوڑ دیا۔
پچھلا عالمی ریکارڈ 2021ء میں اٹلی میں 1,226 کلو گرام وزنی کدو کا قائم کیا گیا تھا۔
جیتنے والے پودے کو اس ہفتے کے آخر میں ہاف مون بے، کیلیفورنیا میں پمپکنز اور آرٹس فیسٹیول میں دکھایا جائے گا