کویت اردو نیوز : بھارت کی ریاست اڑیسہ میں مردہ سمجھی جانے والی خاتون اپنی چتا جلنے سے چند منٹ قبل زندہ ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اڑیسہ کے شہر برہم پور میں پیش آیا۔ ایک 52 سالہ خاتون اپنے گھر میں آگ لگنے سے جھلس کر زخمی ہوگئی، زخمی خاتون کا شوہر اسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال لے گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کا تعلق غریب گھرانے سے ہے جس کا شوہر علاج کی استطاعت نہ رکھتے ہوئے اسے اپنے گھر لے گیا جہاں وہ چند روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہی۔
اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ سوموار کو خاتون نے آنکھیں نہیں کھولیں اور سانس بھی نہیں لے رہی تھی، ہمیں لگا کہ خاتون مر گئی ہے، جس کی وجہ سے ہم نے اپنے اہل خانہ کو موت کی اطلاع دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موت کی تصدیق کیے بغیر اور میت کا سرٹیفکیٹ بنائے بغیر خاتون کی آخری رسومات ادا کرنے کی تیاریاں کی گئیں۔ گھر والے یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ چند منٹ قبل مردہ خاتون کی آنکھ کھلی اور خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔