کویت اردو نیوز ، 12 اکتوبر 2023: پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کا نام دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمانوں میں شامل کیا گیا ہے۔
رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے ‘دی مسلم 500’ میگزین میں سب سے زیادہ بااثر مسلمانوں کی تازہ ترین درجہ بندی کا اشتراک کیا اور اس باوقار فہرست میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے تعلق رکھنے والے افراد ، کئی سیاستدان اور بااثر افراد شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان، مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف، ان کے بھائی شہباز شریف، اسلامی اسکالر مولانا طارق جمیل، تقی عثمانی، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا نام تازہ ترین ایڈیشن میں شامل پاکستانی شخصیات میں شامل ہے۔
فورم نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو بااثر ترین شخصیت قرار دیا ہے ۔
جنرل عاصم م منیر نے نومبر 2022 میں 0.6 ملین کی فوج کا چارج سنبھالا جب جنرل قمر جاوید باجوہ چھ سالہ مدت ملازمت کے بعد ریٹائر ہوئے۔
عاصم منیر نے منگلا آفیسرز ٹریننگ سکول پروگرام کے ذریعے مسلح افواج میں شمولیت اختیار کی، جہاں انہوں نے اعزازی تلوار حاصل کی۔ اپنے شاندار کیرئیر میں فور سٹار جنرل نے شمالی علاقوں میں ایک ڈویژن کی کمان کی۔
وہ چھ سال قبل ملٹری انٹیلی جنس (MI) کے سربراہ سمیت اہم عہدوں پر فائز رہے، اور یہاں تک کہ مختصر مدت کے لیے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کی قیادت کی۔ جنرل عاصم کو پاک فوج کے قریبی دفاعی تعاون کے حصے کے طور پر سعودی عرب میں بھی تعینات کیا گیا تھا۔