کویت اردو نیوز ، 15 اکتوبر 2023: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کےسربراہ اسماعیل ھنیہ کا کہناہے کہ "فلسطینی غزہ نہیں چھوڑیں گے، ہمارا فیصلہ اپنی سرزمین پر ہی رہنے کاہے”۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر میں کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے دس لاکھ سے زائد مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھر بار چھوڑ کر جنوب کی طرف چلے جائیں، لیکن غزہ یا مغرب کے فلسطینی ایسا نہیں کریں گے۔
اپنی تقریر کے دوران مصر کو مخاطب کرتے ہوئے اسماعیل ہنیہ نے مزید کہا کہ ہمارا فیصلہ اپنی سرزمین پر رہنے کا ہے۔
واضح رہے کہ مصر کی سرحد غزہ کے ساتھ ملتی ہے اور وہ اس امکان کے بارے میں فکر مند ہے کہ اسرائیلی محاصرے اور بمباری کے نتیجے میں غزہ کے لوگوں کی نقل مکانی اور مصر کی طرف لوگوں کی ممکنہ ہجرت ہو سکتی ہے۔ .
اسماعیل ھنیہ کا مزید کہنا تھا کہ "حماس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہریوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا، غزہ کے لوگ اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے”۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ یورپی ممالک کے ساتھ مل کر نسل کشی کر رہا ہے، اسرائیل کی حمایت بند کرو، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، حزب اللہ نے قدم بڑھایا تو اسرائیل کا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔