کویت اردو نیوز ، 26 اکتوبر 2023: گداگری کی روک تھام کے لیے اہم قدم اٹھا لیا گیا ہے۔ بیرون ملک ملوث افراد کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایف آئی اے نے بیرون ملک گداگری میں ملوث افراد کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فراڈ کی روک تھام کے لیے تمام ایئرپورٹس کو خصوصی لیٹر جاری کردیا گیا ہے جب کہ ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کا عمل بھی جاری ہے۔
ایسے عناصر کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ 74 مسافروں کو ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے اتار کر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز میں منتقل کر دیا گیا، جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن بٹ نے ہدایت کی کہ عمرہ پر جانے والے تمام مسافروں کی فل سکریننگ اور پروفائلنگ کو یقینی بنایا جائے اور ایئرپورٹ پر موجود دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مسافروں کے سامان کی سخت چیکنگ کی جائے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے مزید کہا کہ بھیک مانگنے میں ملوث ملزمان کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کیے جائیں۔