کویت اردو نیوز ، 2 نومبر 2023: متحدہ عرب امارات کے ہسپتال غزہ کی پٹی سے متاثرہ 1000 فلسطینی بچوں کو طبی امداد فراہم کریں گے۔
اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے والوں میں معصوم بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے جس میں ہزاروں بچے زخمی اور ہزاروں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ایمریٹس نیوز ایجنسی کے مطابق ایمریٹس ہسپتال غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت سے متاثر ہونے والے ایک ہزار بچوں کو طبی امداد فراہم کرے گا۔
اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کی ہدایت پر وزیر خارجہ اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہواجس میں یہ اہم فیصلہ کیاگیا۔
ایمریٹس نیوز ایجنسی کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بربریت سے متاثرہ بچے اپنے اہل خانہ کے ساتھ متحدہ عرب امارات جائیں گے جہاں انہیں علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے بعد وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اب تک اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 8900 سے زائد ہو چکی ہے۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں روزانہ 420 سے زائد بچے شہید یا زخمی ہوتے ہیں اور غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید ہوتا ہے۔