کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں العلا کے شاہی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ العلا میں قرہ کے مقام پر آثار قدیمہ کی ٹیموں نے پتھر کے زمانے سے تعلق رکھنے والی ایک ‘ہاتھ کی کلہاڑی’ دریافت کی ہے۔ یہ 2لاکھ سال پہلےکی ہے۔ نرم بیسالٹ پتھر سے بنی یہ کلہاڑی 51.3 سینٹی میٹر لمبی ہے اور اسے کاٹنے کیلیے استعمال کیا جا سکتا تھا۔
قرہ ان تاریخی مقامات میں سے ایک ہے جو جزیرہ نما عرب میں ابتدائی اسلامی اور قبل از اسلام ادوار سے مشہور تھا۔ یہ جزیرہ نما عرب کے اہم ترین شہری مراکز میں سے ایک تھا۔ یہ علاقہ تاریخی رازوں اور تاریخی آثار سے مالا مال ہے۔
اسلام کے ابتدائی دور میں یہ علاقہ ترقی و خوشحالی کا مرکز تھا۔
قدیم ہاتھ کی کلہاڑی کو ایک ہیریٹیج کنسلٹنسی کمپنی کے ماہرین آثار قدیمہ کی ٹیم نے دریافت کیا۔ ماہرین کی ٹیم العلا کے جنوب میں قرہ سائٹ کے آس پاس کے علاقے میں ابتدائی انسانی موجودگی کے شواہد تلاش کر رہی ہے۔
ٹیم کو ابتدائی اسلامی دور کے کئی نمونے ملے ہیں، جن کا اب ہاتھ کی کلہاڑی کی دریافت کے بعد جائزہ لیا جا رہاہے ، یہ دریافت ایک درجن سے زیادہ پتھر کے اوزاروں میں سے ایک ہے۔ سائنسی تحقیق سے اس بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔سعودی عرب کا رائل کمیشن برائےالعلاخیبراور العلامیں فیلڈ ورک کیلیے 11 دیگرخصوصی آثارقدیمہ کےمنصوبوں کی نگرانی کررہاہے۔