کویت اردو نیوز : ترکی کی پارلیمنٹ نے غزہ تنازع کے دوران اسرائیل کی مبینہ حمایت پر اپنے ریستورانوں سے کوکا کولا اور نیسلے کی مصنوعات کو ہٹا دیا ہے۔
پارلیمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایسی کمپنیوں کی مصنوعات جو اسرائیل کو سپورٹ کرتی ہیں پارلیمنٹ کے کیمپس کے ریستورانوں، ٹی ہاؤسز اور کیفے ٹیریاز میں فروخت نہیں کی جائیں گی۔
پارلیمنٹ کے اسپیکر نعمان قرت الماس کی جانب سے کیے گئے اس فیصلے میں کمپنیوں کے ناموں کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مینو سے صرف کوکا کولا مشروبات اور نیسلے کے انسٹنٹ کافی برانڈز کو ہٹا دیا گیا ہے اور یہ فیصلہ عوامی مطالبے کے جواب میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کا سپیکر آفس عوامی احتجاج سے لاتعلق نہیں رہ سکتا، اس لیے ان کمپنیوں کی مصنوعات کو پارلیمنٹ کے کیفے اور ریسٹورنٹس کے مینو سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
رائٹرز کے مطابق، کوکا کولا اور نیسلے نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
دونوں کمپنیوں کے نام سوشل میڈیا پوسٹس میں سامنے آئے جن میں کارکنوں نے اسرائیلی مصنوعات اور مغربی کمپنیوں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جو اسرائیل کی حمایت کرتی ہیں۔