کویت اردو نیوز : دبئی پولیس نے متعدد ممالک کی بڑی کمپنیوں کے سسٹم کو ہیک کرنے والے ایک بین الاقوامی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گروپ معروف کمپنیوں کے سی ای اوز اور ڈائریکٹرز کی ای میلز ہیک کرتا تھا۔
ایمریٹس نیوز ایجنسی کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز نے دو مرتبہ 36 ملین ڈالرز ملک سے باہر بھیجے۔ پولیس کے تحت ای کرائمز کی خصوصی ٹیم ہیکرز کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی۔
دبئی پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ہیکرز کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ ان کا گروپ 43 افراد پر مشتمل تھا۔
گروہ کے سرغنہ کی شناخت ہو گئی ہے جو بیرون ملک مقیم ہے۔ مزید 20 ملزمان کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ گروہ کی گرفتاری میں انٹرپول سے تعاون حاصل کیا گیا۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ہیکرز کی گرفتاری ’آپریشن مونوپولی‘ کے نام سے کی گئی۔ یہ باضابطہ طور پر اس وقت شروع ہوا جب ایک ایشیائی ملک میں ایک کمپنی کے وکیل نے دبئی پولیس کو ای کرائم پورٹل کے ذریعے شکایت کی کہ ایک بین الاقوامی گروپ کمپنی کے سی ای او کی ای میل کو ہیک کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں وکیل نے ضروری تفصیلات پولیس کو جمع کرائی تھیں۔