کویت اردو نیوز : سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمان میں دو عمانی جوانوں اور ایک ایشیائی رہائشی کے درمیان بحث ہو رہی ہے ، بحث کے بعد عمانی نوجوانوں نے ایک ایشیائی باشندے پر حملہ کردیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ان میں سے ایک نے رہائشی کے سر پر ڈنڈے سے تشدد کیا، جس سے ڈنڈا ٹوٹ گیا۔
اس کلپ میں دو نوجوانوں کو رہائشی پر حملہ کرنے کے بعد فرار ہوتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
سلطنت عمان میں شمالی الشرقیہ گورنریٹ پولیس کمانڈ نے دونوں نوجوانوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
کچھ عرصہ قبل عمان ہی میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا تھا ، جس کے حوالے سے رائل عمان پولیس نے ایک ہولناک قتل کا انکشاف کیا تھا جو مسندم گورنری کے علاقے خاصاب میں پیش آیا ۔ واقعہ میں عمانی نوجوان نے اپنی دو بہنوں کو چاقو کے وار کر کے قتل اور ماں کو شدید زخمی کر دیاتھا ۔
دی نیشنل نیوز کے مطابق رائل عمان پولیس نے بتایا کہ دو لڑکیوں کو ان کے 15 سالہ بھائی نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا جب کہ ماں شدید زخمی ہوئی تھی ۔