کویت اردو نیوز :موٹر سائیکلوں پر سوار اکثر نوجوان سڑکوں پر کرتب دکھاتے نظر آتے ہیں، انہیں اس بات کی بھی پروا نہیں کہ اگر کوئی حادثہ ہو جائے تو ان کی جان بھی جا سکتی ہے۔ ایسے نوجوانوں کو پولیس کی طرف سے وارننگ بھی دی جاتی ہے اور چالان بھی کیا جاتا ہے لیکن پھر بھی وہ ایسا کرتے رہتے ہیں ۔
ایسا ہی کچھ بھارت میں بھی ہوا ، بھارت میں دیوالی کی تقریبات کے دوران نوجوان کو موٹر سائیکل پر کرتب دکھانا مہنگا پڑ گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل ناڈو کے شہر تریچی میں دیوالی کی تقریبات کے دوران ایک نوجوان نے موٹر سائیکل پر کرتب دکھائے اور ساتھ ہی پٹاخے بھی چلائے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ویڈیو میں اس شخص کو اپنی موٹر سائیکل پر پٹاخے لگاتے اور پھر سڑک پر وہیل چلاتے ہوئے آگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نےانسٹاگرام پیج کا نام ‘ڈیول رائڈر’استعمال کیا، جسکا ویڈیو میں بھی ذکر کیاگیاہے، تاکہ موٹر سائیکل کےمالک کا پتہ لگایا جاسکے اور پھر اس کو گرفتار کیا جا سکے۔
پولیس نے کہا کہ اس کے اور دیگر ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 279 (لاپرواہی سے گاڑی چلانا)، 286 (دھماکہ خیز مواد کو لاپرواہی سے ہینڈل کرنا) 336 (دوسروں کی ذاتی حفاظت کو خطرے میں ڈالنا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھارت میں کچھ عرصہ قبل بھی ایک نوجوان کو اپنی موٹر سائیکل پر کرتب دکھاتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کی ویڈیو پولیس نے شیئر کی، جس میں لوگوں سے محفوظ رہنے اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان اپنی دونوں ٹانگیں ایک طرف رکھ کر مصروف سڑک پر صرف ایک ہاتھ سے موٹر سائیکل پکڑے ہوئے ہے۔
ویڈیو میں اس کا موبائل فون موٹرسائیکل کے ہینڈل بار کے درمیان دیکھا جاسکتا ہے اور نوجوان اپنے اسٹنٹ کا مظاہرہ کرتا ہے لیکن یہ نوجوان کو اسے اس وقت مہنگا پڑا جب پولیس نے اسے روکا اور 4200 روپے جرمانہ عائد کردیا۔پولیس نے نوجوان کے کان بھی پکڑوائے ۔
ویڈیو کے آخر میں پولیس نے عوام سے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے جب کہ سوشل میڈیا صارفین بھی پولیس کے اس اقدام کو سراہ رہے ہیں۔