کویت اردو نیوز : بارش کے دوران بھی خانہ کعبہ کے گرد طواف اور دعائیں جاری رہتی ہیں۔مسجد حرام میں بارش کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے فیلڈ پلانز نافذ کیے گئے ہیں ۔
مکہ مکرمہ میں مسجد حرام پر بادل چھائے ہوئے تھے۔ اس رم جھم کے دوران بھی لوگ طواف کرتے رہے اور بارش میں بھی لوگ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوتے رہے۔ نمازیوں اور زائرین نے بارش میں اللہ سے دعائیں مانگیں۔ جب ہوائیں چل رہی تھیں اور بادل برس رہے تھے تب بھی لوگ اللہ کی رضا کے لیے دعائیں مانگنے میں مصروف تھے۔
مطاف میں ایمان اور سکون سے بھرپور مناظر دیکھنے کو ملے۔ ان مناظر میں لوگ بارش کے دوران پانی میں بھیگتے، طواف کرتے اور دعائیں کرتے اور اللہ کا قرب حاصل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
وڈیو میں لوگ بارش میں خوش ہوتے اور روحانی ماحول میں اللہ سے دعا کے لیے ہاتھ اٹھاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
اس موقع پر مسجد حرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے امور کی عوامی صدارت کے سربراہ ڈاکٹر السدیس نے سیکیورٹی، حفاظت اور ہنگامی ردعمل کے حوالے سے فیلڈ پلان تیار کرنے اور اس پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ بارش کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں کی گئی تھیں اور انتظامیہ نے اس موقع پر اپنے انتظامات تیز کر دیے تاکہ زائرین اور نمازیوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچایا جا سکے۔