کویت اردو نیوز : سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ 10 سال سے کم عمر کے بچے کو گاڑی میں اکیلا چھوڑنا خلاف قانون ہے۔ خلاف ورزی پر 500 ریال تک جرمانہ ہوگا۔
محکمہ ٹریفک نے نشاندہی کی کہ بچے کو گاڑی میں اکیلا چھوڑنا ٹریفک قانون کی خلاف ورزی ہے، اس پر 300 سے 500 ریال تک جرمانہ ہوگا۔
محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ آپ کے بچے آپ کی ذمہ داری ہیں، انہیں کہیں بھی اکیلا نہ چھوڑیں۔ ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے گاڑی میں بچوں کے لیے مقرر کردہ قوانین کو دہراتے ہوئے یاد دہانی کرائی ہے۔
اس سے قبل ٹریفک پولیس نے نابالغ بچوں کو بغیر اسپیشل سیٹ کے گاڑی میں بٹھانے والے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی تو ان کا چالان کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ہدایت کی ہے کہ نابالغ بچوں کو خصوصی سیٹ کے بغیر گاڑی میں اکیلے نہ لے جایا جائے، نابالغ بچوں کے لیے خصوصی سیٹ کا استعمال لازمی ہے۔
تنظیم کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایسے ڈرائیور جو مذکورہ کرسی استعمال نہیں کریں گے ان سے 300 سے 500 ریال وصول کیے جاسکتے ہیں۔ چالان کا تعین پولیس حکام خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق کریں گے۔
بچوں کو مخصوص کرسی پر بٹھانے کا یہ قانون پرانا ہے لیکن اب اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بغیر سیٹ کے گاڑی کی اگلی سیٹ پر بچے کو بٹھانا سنگین خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے کیونکہ گاڑی کی اگلی سیٹ پر اکیلے چھوٹے بچے کو سوار کرنا انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے۔ بچوں کے لیے خصوصی کار سیٹ میں حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔