کویت اردو نیوز : سعودی وزارت ثقافت کے تحت محکمہ آثار قدیمہ نے کہا ہے کہ الجوف کے علاقے میں واقع شہر سکاکا میں تاریخی کھدائی کے دوران 300 سال قبل مسیح کے نوادرات دریافت ہوئے ہیں۔ الجوف کا علاقہ سعودی عرب کے شمال مغرب میں واقع ہے۔
محکمہ آثار قدیمہ نے اپنے آفیشل اکاونٹ X پر بتایا کہ سکاکا شہر میں الطویر کے مقام پر تاریخی کھدائی سے متعلق منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔
محکمہ آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ اس مقام پر کھدائی کے دوران 2300 سے 1900 سال پرانی تعمیراتی معلومات ملی ہیں۔
کھدائی سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 2300 سے 1900 سال پہلے کے درمیان کھیتوں اور گھروں کو پانی پہنچانے کا باقاعدہ نظام موجود تھا۔
ایک عمارت کے کھنڈرات بھی دریافت ہوئے ہیں، جو آبادی کے دفاع کے لیے چوکیدار کے طور پر استعمال کیے گئے ہوں گے یا کسی مذہبی عبادت گاہ کے تحفظ سے کوئی تعلق رکھتے ہوں گے۔
محکمہ آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ یہاں اونٹ کا مجسمہ ملا ہے جو مٹی سے بنا ہے اور مکمل حالت میں نہیں ہے۔
یہاں سے 2300 سال پرانے مٹی کے برتن، کانسی کے سکے اور ریتلے پتھر کا چولہا ملا ہے۔