کویت اردو نیوز 09 اکتوبر: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی آج بروز ہفتہ دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے۔ اس دوران وہ متحدہ عرب امارات کے حکام سے ملاقات کے ساتھ ساتھ ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستان پویلین کا افتتاح بھی کریں گے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے صدر پاکستان کا المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر استقبال کیا جبکہ بیگم ثمینہ علوی بھی صدر پاکستان کے ہمراہ تھیں اس کے علاوہ وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود صدر کے وفد میں شامل ہیں۔ صدر پاکستان کے استقبال کے لیے
سرخ قالین بچھایا گیا جبکہ متحدہ عرب امارات کی افواج کے ایک دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اپنے قیام کے دوران صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی معروف تاجروں ، سرمایہ کاروں ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سینئر نمائندوں اور میڈیا پرسنز سے ملاقات کریں گے اس کے علاوہ وہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کریں گے۔
صدر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور روشن اپنا گھر پر ایک تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے جو حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے شروع کیے گئے اقدامات ہیں۔ صدر علوی کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے کے ساتھ ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قریبی برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے ، مشترکہ تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں سے منسلک ہیں۔ یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔