کویت اردو نیوز : امریکا دسمبر میں ورک ویزا کے لیے ایک نئی اسکیم شروع کرنے جا رہا ہے، جس کا فائدہ زیادہ تر ہندوستانی شہریوں کو ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دسمبر میں ‘ایچ ون بی’ ویزا کا پائلٹ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس سے بھارت میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والے لوگوں کی بڑی تعداد مستفید ہو گی۔
مذکورہ پیش رفت کا انکشاف وائٹ ہاؤس نے جون میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے بعد کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے نائب معاون وزیر خارجہ برائے ویزا سروسز جولی سٹفٹ کا کہنا ہے کہ بھارت میں امریکی ویزوں کی مانگ اب بھی بہت زیادہ ہے، چھ، آٹھ اور بارہ ماہ کا انتظار کا وقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہم گھریلو ویزوں کے عمل کو بھی بہتر کر رہے ہیں تاکہ ہندوستانی شہری فائدہ اٹھا سکیں۔
جولی سٹفٹ نے کہا کہ امریکہ دسمبر سے تین ماہ کی مدت میں 20 ہزار غیر ملکیوں کو ویزے جاری کرے گا، ان میں سے زیادہ تر امریکہ میں رہنے والے ہندوستانی شہری ہوں گے اور ہم جیسے جیسے آگے بڑھیں گے اس میں توسیع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ہنر مند لوگوں میں ہندوستانی شہریوں کی تعداد زیادہ ہے، ہمیں امید ہے کہ ہندوستان اس پروگرام سے زیادہ فائدہ اٹھائے گا اور جو لوگ اپنے ویزوں کی تجدید کے لئے ہندوستان آتے ہیں انہیں اس کے بعد ہندوستان آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
جولی سٹفٹ نے کہا کہ جلد ہی ایک نوٹس جاری کیا جائے گا، جس میں بتایا جائے گا کہ پروگرام میں کون شرکت کرنے کا اہل ہے، جب کہ گھریلو ویزا کی تجدید کا پروگرام صرف ورک ویزوں کے لیے ہے۔