کویت اردو نیوز : سعودی عرب نے دارالحکومت میں علاقائی ہیڈ کوارٹر کھولنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے نئی ٹیکس مراعات کا اعلان کیا ہے۔
وزارت سرمایہ کاری نے وزارت خزانہ اور زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کے تعاون سے کمپنیوں کے لیے ٹیکس مراعات کا پیکج دیا ہے۔
ٹیکس ترغیباتی پیکج کا مقصد کمپنیوں کی سعودی عرب میں علاقائی ہیڈ کوارٹر قائم کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا، انہیں سہولیات فراہم کرنا اور ملک کو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے پہلی پسند بنانا ہے۔
بین الاقوامی کمپنیاں جو سعودی عرب میں اپنا علاقائی ہیڈکوارٹر قائم کرتی ہیں، انہیں 30 سال تک ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔
وہ علاقائی ہیڈ کوارٹرز میں انکم ٹیکس کی سہولت فراہم کریں گے۔ پرمٹ جاری ہونے کی تاریخ سے کمپنیوں کو ٹیکس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سرمایہ کاری کے وزیر خالد الفالح نے کہا کہ ملک میں بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے ٹیکس مراعات سعودی عرب کو پورے خطے میں بین الاقوامی کمپنیوں کا ہیڈ کوارٹر بنانے میں کارگر ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ریجنل ہیڈ کوارٹر قائم کرنے والی کمپنیوں کو مزید کئی رعایتیں دی جائیں گی۔ مثال کے طور پر نجکاری کے حوالے سے لچک پیدا کی جائے گی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ماہرین کی تقرری میں مدد دی جائے گی۔
خالد الفالح نے کہا کہ سعودی معیشت کے استحکام، منفرد تجربہ کار اور باصلاحیت افراد کی موجودگی بالخصوص اسٹریٹجک محل وقوع اور بہترین ترقی کے مواقع کی وجہ سے 200 سے زائد کمپنیاں اس پروگرام میں شامل ہو رہی ہیں۔