کویت اردو نیوز : ایک خاتون کی جانب سے مقامی نوجوان کو اپنی غلطی کی تلافی کے لیے لکھا گیا معافی نامہ سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا ہے۔
مزمز نیوز کے مطابق سوشل میڈیا صارفین خاتون کی ڈرائیونگ کی غلطی سے گاڑی خراب ہونے پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ جب گاڑی ٹکرائی تو وہاں کوئی نہیں تھا۔ لیکن خاتون نے اپنے ضمیر کے ہاتھوں مجبور ہو کر معافی کا خط لکھ کر لفافے میں 3 ہزار ریال ڈال کر گاڑی کے وائپر میں پھنسا دیا۔
مقامی نوجوانوں نے خط کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ‘آپ کی گاڑی غلطی سے میری گاڑی سے ٹکرا گئی، میں نقصان کو پورا کرنے کے لیے 3000 ریال کی پیشکش کر رہی ہوں۔ گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کے لیے معافی چاہتی ہوں ۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کسی بھی گاڑی کے ساتھ ٹکرانے کی صورت میں ٹریفک پولیس سے رپورٹ لینا ضروری ہے جس کے بعد گاڑی کی مرمت کی جاتی ہے۔ پولیس رپورٹ نہ ہونے کی صورت میں کوئی گاڑی کی ڈینٹنگ نہیں کرتا۔
اس حوالے سے نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی گاڑی کی درستگی کے لیے پہلے ٹریفک پولیس سینٹر سے رپورٹ حاصل کرے گا اور پھر اسے گاڑی کی مرمت کے لیے ورکشاپ لے جانا پڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہیں معلوم کہ گاڑی کو ٹھیک کرنے پر کتنا خرچ آئے گا لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ خاتون نے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے۔