کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گاڑیوں کے بمپر کاٹنے والوں کے خلاف مہم شروع کر دی ہے۔
سبق نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان دنوں ملک کے مختلف شہروں میں پولیس نے ایسی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے جو اپنی گاڑیوں کے اگلے اور پچھلے بمپر کا کچھ حصہ کاٹ دیتے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جن گاڑیوں کے بمپر کاٹے گئے ان کے مالکان پر 1000 ریال تک جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گاڑیوں کے بمپر کاٹنے کا رواج زور پکڑ رہا ہے جو ایک فیشن بنتا جا رہا ہے۔
زیادہ تر نوجوان اپنی گاڑیوں کے بمپر کا ایک حصہ کاٹ دیتے ہیں جسے کاروں کا نیا ڈیزائن کہا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں ٹریفک قانون کے مطابق گاڑیوں کی سالانہ جانچ پڑتال ضروری ہے۔ ٹیکنیکل سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر گاڑیوں کے مالکان کے خلاف چالان جاری کیا جاتا ہے۔
ٹریفک قوانین کے مطابق بمپر کے بغیر گاڑی چلانا ٹریفک کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے جس پر 900 ریال کا چالان کیا جاتا ہے۔
گاڑیوں میں کسی قسم کی خرابی یا باڈی کلر وغیرہ کی صورت میں ٹیکنیکل سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جاتا۔
اس کے علاوہ کسی بھی ٹریفک حادثے کی صورت میں جب تک ٹریفک پولیس سے این او سی حاصل نہ کر لیا جائے گاڑی کو ٹھیک نہیں کیا جا سکتا۔