کویت اردو نیوز : سعودی وزیر خارجہ کے معاون برائے ایگزیکٹو امور عبدالہادی المنصوری نے منگل کو ڈیجیٹل گورنمنٹ فورم کے دوسرے ایڈیشن کے دوران یونیفائیڈ نیشنل ویزا پورٹل (KSA Visa) کا آغاز کیا ہے۔
SPA کے مطابق، پورٹل سعودی عرب کے قومی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ویزا درخواست کے عمل کو آسان بنانے کے لیے 30 سے زائد وزارتوں، حکام اور نجی شعبے کو جوڑتا ہے۔
اس پورٹل میں حج اور عمرہ کے ویزے، بزنس وزٹ ویزا، ٹورسٹ ویزا اور ورک ویزا شامل ہیں۔
عبدالہادی المنصوری کا کہنا ہے کہ ’سعودی ویزا پورٹل ان لوگوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرے گا جو کسی بھی مقصد کے لیے سعودی عرب آتے ہیں‘۔
"تمام ویزاتفصیلات، مطلوبہ دستاویزات اورخواہش مند کاپروفائل پورٹل پرترتیب دیاجائےگا۔”
پورٹل ایک جدید نظام کے تحت کام کرے گا جس میں درج کی گئی معلومات کی صحت کی جانچ خودکار طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔
اس سے قبل سعودی وزارت حج و عمرہ میں قومی کمیٹی کے مشیر سعد القرشی نے کہا ہے کہ وادی منیٰ میں اس وقت 12 سے زائد ٹاورز زیر تعمیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر رہائشی ٹاورز حج 2024 میں استعمال ہو سکیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر ملکی عازمین کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
رجسٹریشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘حج کی قبل از وقت رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس سے عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں بھی بہتری آئے گی اور وہ آرام سے فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ مشاعر مقدسہ میں رہائش کی سہولت کے لیے پہلے سے خیموں اور ہوٹلوں کا انتخاب ممکن ہو گا جس سے انہیں جمرات کے قریب رہائش حاصل کرنے میں آسانی ہو گی۔