کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں ایمبولینس کو راستہ نہ دینے پر 2000 ریال تک جرمانہ ہوگا ۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو راستہ نہ دینا ٹریفک کی خلاف ورزی ہے جس پر 2 ہزار ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
عاجل نیوز نے ٹریفک پولیس کے ایکس اکاؤنٹ (سابق ٹویٹر) پر جاری وارننگ نوٹس کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ گاڑیوں کے ڈرائیور کسی بھی قسم کی ہنگامی خدمات کی گاڑیوں کو راستہ دیں بصورت دیگر ان سے 1000 سے 2000 ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کے حوالے سے ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ان میں سول ڈیفنس، فائر فائٹنگ گاڑیاں، ایمبولینس وغیرہ شامل ہیں۔
شاہراہوں پر کسی بھی قسم کی ایمرجنسی سروس گاڑی کے سائرن سننے پر دوسری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو فوری طور پر راستہ دینا چاہیے تاکہ وہ بلا تاخیر مطلوبہ مقام پر پہنچ سکیں۔
شاہراہوں کے اطراف میں پیلی لکیر والا ٹریک ہنگامی خدمات کے لیے مخصوص ہے جس پر عام لوگ گاڑی نہیں چلا سکتے۔
واضح رہے کہ ٹریفک قوانین کے مطابق ایمبولینس گاڑیوں کی اگلی اور عقبی سمت میں حساس کیمرے نصب کیے جاتے ہیں جس کا مقصد خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی کی معلومات ٹریفک پولیس تک پہنچانا ہے۔