کویت اردو نیوز : نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سال نو کی تمام تقریبات پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے گئے، نئے سال کی آمد سادگی سے منائی جائے، تمام پاکستانی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نئے سال کا سورج امن اور ہم آہنگی کا پیغام لے کر طلوع ہو۔ فلسطین کی صورتحال پر پوری قوم دکھ میں ہے۔ ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔
فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ ٹوٹ چکے ہیں، مظلوم اور بے بس فلسطینیوں کی نسل کشی پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ شدید غمزدہ ہے۔ پاکستان فلسطین میں خونریزی رکوانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھاتا رہے گا۔
فلسطین کے لیے 2 امدادی کھیپیں بھیجی جا چکی ہیں، تیسری امدادی کھیپ جلد فلسطین بھیجی جا رہی ہے، ہم فلسطین کے لیے امدادی کھیپ کے حوالے سے اردن اور مصر سے رابطے میں ہیں۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نئے سال کی تمام تقریبات پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ نئے سال کی آمد کو سادگی سے منائیں، تمام پاکستانی مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں، نئے سال میں کفایت شعاری کا خیال رکھیں، نئے سال کی آمد پر سرکاری سطح پر کسی بھی قسم کی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔