کویت اردو نیوز : ریاض سے عمرے کے لیے جاتے ہوئے ٹریفک حادثے میں یمنی ڈاکٹر اور ان کے خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
کنگ فہد میڈیکل سٹی کے ڈاکٹر جاعم الشعبی الیافعی اور ان کے خاندان کے چار افراد سعودی عرب میں عمرے کے لیے ریاض سے مکہ جاتے ہوئے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ مخالف سمت سے آنے والا ٹرک گاڑی پر الٹ گیا تھا
ڈاکٹر جاعم الشعبی الیافعی کا تعلق یمن سے ہے۔ حادثے میں ان کی دو بیٹیاں اور بیٹا بھی زخمی ہو گئے۔ انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کرایا گیاہے ۔ڈاکٹر العفیعی کی اہلیہ حادثے میں محفوظ رہیں۔
ڈاکٹر فہد الخدیری نے ایکس اکاؤنٹ پر اطلاع دی کہ "ڈاکٹر جاعم الشعبی الیافعی اپنی گاڑی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مکہ مکرمہ جارہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔”
ڈاکٹر الیافعی کنگ فہد میڈیکل سٹی، ریاض میں کینسر کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ ان کا شمار یمن کے نامور ڈاکٹروں میں ہوتا تھا۔
وہ وقت کے پابند تھے اور مریضوں کی دیکھ بھال کرتے تھے۔ کینسر کے مریضوں کو ٹیلی فونک رابطہ کے ذریعے رضاکارانہ مشورہ بھی دیتے۔
ڈاکٹر مشبب العسیری نے بتایا کہ ان کے دوست ڈاکٹر الیافعی اپنے اہل خانہ کے ساتھ عمرہ کے سفر پر خوش تھے ۔
ان کے مطابق، "حادثہ المزاحمیہ پہنچنے پر اس وقت پیش آیا جب مخالف سمت سے آنے والا ایک پاکستانی ٹرک ڈرائیور کار اور دو دیگر گاڑیوں سے ٹکرا کر الٹ گیا۔”
ڈاکٹر الیافعی کے 8 بیٹے ہیں۔ بڑا بیٹا یونیورسٹی کا طالب علم ہے اور چھوٹا بیٹا پرائمری سکول کا طالب علم ہے۔
ڈاکٹر صاحب قرآن پاک کی تعلیم بھی دیتے تھے ، ان کی اہلیہ قرآن کی حافظ تھیں۔ ان کے پانچ بیٹے بھی حافظ قرآن ہیں۔